ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / تبریز انصاری لنچنگ معاملے میں ملزمین کو بچانے کی کوشش سے ایس ڈی پی آئی ناراض

تبریز انصاری لنچنگ معاملے میں ملزمین کو بچانے کی کوشش سے ایس ڈی پی آئی ناراض

Thu, 12 Sep 2019 21:26:04    S.O. News Service

نئی دہلی،12/ستمبر  (ایس او نیوز/ پریس ریلیز) سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آ ف انڈیا (SDPI) نے جھارکھنڈ کے تبریز انصاری لنچنگ کیس میں پولیس چارج شیٹ سے 11ملزمان کے خلاف درج قتل کے الزامات خارج کئے جانے پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ اس ضمن میں جاری کردہ ایک اخباری اعلامیہ میں ایس ڈی پی آئی قومی صدر ایم کے فیضی نے پولیس چارج شیٹ پر گہرے رنج و غم اور حیرت کا اظہار کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ حتمی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق انصاری کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی ہے۔ پولیس نے گزشتہ ماہ چارج شیٹ دائر کی تھی کہ جس میں کہا گیا تھا کہ یہ پہلے سے منصوبہ بند قتل نہیں تھابلکہ دفعہ 304کے تحت جرم ہے۔ ایم کے فیضی نے کہا ہے کہ یہ نسل پرست غنڈوں کے ذریعے کئے گئے قتل کا واضح واقعہ ہے۔ایم کے فیضی نے پوسٹ مارٹم رپورٹ کی صداقت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہاہے کہ ایسا لگتا ہے کہ قاتلوں کو بچانے کیلئے من گھڑت پوسٹ مارٹم رپورٹ تیار کیا گیا ہے۔ ہم قانون نافذ کرنے والے اداروں پر اعتماد کھورہے ہیں کیونکہ وہ حکمران جماعتوں کیلئے کام کررہے ہیں۔ اگر آپ حکمران جماعت سے وابستہ ہیں تو، آپ کچھ بھی کرسکتے ہیں اور بچ سکتے ہیں، بصورت دیگر، اگر آپ بے قصور بھی ہیں تو ضمانت حاصل کرنا بھی مشکل ہے۔تبریز انصاری معاملے میں ملزمان کے ذریعے کئے گئے خوفناک جرم کے گواہ تھے۔ دل کا دورہ پڑنے کی کیا وجہ تھی؟۔ پھانسی اور دم گھونٹ دینے سے بھی دل کا دورہ پڑسکتا ہے اور موت ہوسکتی ہے۔ تو پھر تبریز انصاری کا یہ قتل کس طرح مختلف ہے؟۔ ایس ڈی پی آئی قومی صدر ایم کے فیضی نے کہا کہ تمام ماب لنچنگ کیس میں پولیس کو بھی یکساں طور پر ذمہ دار ٹہرایا جانا چاہئے کیونکہ وہ اپنا فرض ادا کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ حراست میں غفلت برتنے پر ہونے والی اموات پر خاطی پولیس اہلکاروں کو سزا دیا جانا چاہئے۔ ایم کے فیضی نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ جب لوگوں انصاف کے نظام میں بھروسہ اٹھ جائے گا تو وہ اپنے طریقے سے انتقام لینے کی کوشش کرسکتے ہیں۔ 


Share: